Wed, September 16, 2026

ایران میں فضائی پابندیاں ختم، ملکی فضائی حدود میں معمول کی سرگرمیاں بحال

ایران میں فضائی پابندیاں ختم، ملکی فضائی حدود میں معمول کی سرگرمیاں بحال

تہران: ایران نے فضائی آمد و رفت پر عائد عارضی پابندیاں ختم کرتے ہوئے ملک بھر میں پروازوں کی بحالی کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد ایرانی فضائی حدود میں فضائی سرگرمیاں دوبارہ معمول پر آ گئی ہیں۔

ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق حکام نے تمام ہوائی اڈوں پر اندرون و بیرون ملک پروازوں کی آمد و روانگی کی اجازت دے دی ہے اور فضائی آپریشن معمول کے مطابق جاری ہے۔

رپورٹس کے مطابق ایران نے چند گھنٹے قبل سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر تمام پروازیں غیر معینہ مدت کے لیے معطل کر دی تھیں، تاہم بعد ازاں حالات کا جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ واپس لے لیا گیا۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران دونوں ممالک کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف کارروائیوں کے دعوے سامنے آئے تھے۔ بعد ازاں امریکی صدر کی مداخلت کے بعد اسرائیل نے اپنی کارروائیاں روکنے کا اعلان کیا تھا۔

ادھر ایرانی خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈکوارٹر نے بھی اسرائیل کے خلاف مسلح افواج کی کارروائیوں کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ لبنان کے عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے تحت اسرائیل کو بھرپور جواب دیا جا چکا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ لبنان کے خلاف اسرائیلی اقدامات کے ردعمل میں کی جانے والی کارروائیوں کے بعد فوجی آپریشنز روک دیے گئے ہیں، جبکہ خطے کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
 
 

ٹیگز: