Wed, September 16, 2026

سندھ حکومت کا بڑا بچت پلان: وزراء کی تنخواہوں کی بندش اور پیٹرول کوٹے میں 50 فیصد کٹوتی کا فیصلہ

سندھ حکومت کا بڑا بچت پلان: وزراء کی تنخواہوں کی بندش اور پیٹرول کوٹے میں 50 فیصد کٹوتی کا فیصلہ

کراچی : سندھ حکومت نے صوبے میں شدید معاشی نظم و ضبط قائم کرنے کے لیے جامع کفایت شعاری مہم کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کابینہ کے فیصلوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے سرکاری مراعات میں بڑی کٹوتیوں کی تصدیق کی ہے۔ 
سرکاری گاڑیوں کے پیٹرول کوٹے میں 50 فیصد فوری کمی کر دی گئی ہے، جبکہ مختلف محکموں کی 60 فیصد گاڑیاں اگلے دو ماہ تک سڑکوں پر نہیں آئیں گی۔ سندھ کابینہ کے تمام وزراء نے آئندہ 3 ماہ کی تنخواہ نہ لینے کا اعلان کر کے بچت مہم کا آغاز خود سے کیا ہے۔
نئی گاڑیوں کے آرڈرز، غیر ضروری دفتری سامان اور سرکاری خرچ پر غیر ملکی دوروں پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔ صوبے بھر کے سکولز 16 سے 31 مارچ تک بند رہیں گے، البتہ جاری امتحانات کے شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، وہ معمول کے مطابق ہوں گے۔
     توانائی کی بچت کے لیے جمعہ کے روز سرکاری ملازمین دفاتر آنے کے بجائے گھر سے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔صوبائی حکومت کے مطابق ان اقدامات کا مقصد سرکاری اخراجات کو کم سے کم سطح پر لانا ہے تاکہ مالیاتی خسارے پر قابو پایا جا سکے۔

ٹیگز: