Wed, September 16, 2026

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا عالمی کڈنی ڈے پر پیغام

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا عالمی کڈنی ڈے پر پیغام

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عالمی کڈنی ڈے کے موقع پر کہا ہے کہ دنیا بھر میں 85 کروڑ سے زائد افراد گردے کے امراض میں مبتلا ہیں، جو ایک بڑی تشویش ہے۔

انہوں نے گردے عطیہ کرنے والے افراد کے جذبے کو سراہا اور کہا کہ بنیادی نگہداشت فراہم کرنے والے ڈاکٹرز اور طبی عملے کی حوصلہ افزائی اور مدد کی جانی چاہیے۔

وزیراعلیٰ نے عوام کو صحت مند طرز زندگی اپنانے کی ہدایت دی، جیسے صاف پانی پینا، ورزش کرنا اور متوازن غذائیں استعمال کرنا، کیونکہ یہ گردے کے امراض کو کنٹرول کرنے میں مددگار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کڈنی ڈے گردوں کی باقاعدہ جانچ، صحت مند طرز زندگی اور گردوں کے علاج کے بارے میں آگاہی فراہم کرتا ہے۔

مریم نواز شریف نے بتایا کہ پنجاب میں گردوں کے مریضوں کے لیے مفت علاج کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، پیچیدہ امراض کے لیے ٹرانسپلانٹ کارڈ جاری کیے گئے ہیں اور ڈائیلسز کے مریضوں کے لیے سالانہ علاج کی حد بڑھا کر 10 لاکھ روپے کر دی گئی ہے، جس سے ہزاروں مریض فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

انہوں نے ڈاکٹروں، نرسوں اور طبی عملے کی محنت کو سراہا اور کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں ڈائیلسز کی سہولیات کو نجی شعبے کے تعاون سے بہتر بنایا جا رہا ہے، جدید مشینری فراہم کی جا رہی ہے اور فری ڈائیلسز پروگرام کے ذریعے مریضوں کو مالی بوجھ سے آزاد کیا جا رہا ہے۔

ٹیگز: