Wed, September 16, 2026

وزیراعظم شہباز شریف کا ایرانی صدر سے ٹیلیفونک رابطہ، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

وزیراعظم شہباز شریف کا ایرانی صدر سے ٹیلیفونک رابطہ، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفون پر رابطہ کرکے خطے کی تازہ صورتحال، دوطرفہ تعلقات اور امن و استحکام سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم نے گفتگو کے دوران خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ تمام متعلقہ ممالک تحمل، تدبر اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں تاکہ امن کے قیام کے لیے حالیہ عرصے میں ہونے والی پیش رفت متاثر نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مسائل کے پرامن حل کا حامی ہے، اس لیے تمام فریق ایسے اقدامات سے اجتناب کریں جو حالات کو مزید پیچیدہ بنا سکتے ہوں۔

شہباز شریف نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (MoU) کے تحت کیے گئے باہمی وعدوں پر عمل درآمد کی اہمیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ یہ معاہدہ خطے میں اعتماد، باہمی تعاون اور مشترکہ ترقی کو فروغ دینے کے لیے ایک مؤثر بنیاد فراہم کرتا ہے۔

وزیراعظم نے صدر پزشکیان کو یقین دلایا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور تعمیری سفارت کاری کے فروغ کے لیے اپنا مثبت اور مخلصانہ کردار آئندہ بھی جاری رکھے گا۔

اس موقع پر ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے مرحوم آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی نماز جنازہ اور تدفین میں شرکت پر وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاکستان کی اعلیٰ قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے علاقائی امن کے لیے ایران کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس سلسلے میں پاکستان کی مسلسل حمایت، خیرسگالی اور تعمیری سفارتی کردار کو سراہا۔

دونوں رہنماؤں نے گزشتہ ماہ صدر پزشکیان کے دورۂ اسلام آباد کے دوران ہونے والے فیصلوں پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے طے شدہ اقدامات پر تیزی سے عمل جاری رکھا جائے گا۔

وزیراعظم نے آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا، جبکہ دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں بھی باہمی رابطے برقرار رکھنے اور علاقائی و باہمی دلچسپی کے معاملات پر قریبی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

ٹیگز: