اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام نے ہمیشہ پاکستان سے محبت اور وفاداری کا ثبوت دیا ہے، حکومت علاقے کی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔
گلگت بلتستان اسمبلی کے مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے ارکان سے ملاقات میں وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی تمام تر توجہ عوام کی خدمت اور ان کے مسائل کے حل پر مرکوز ہے۔ عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنا ہمارا بنیادی مقصد ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی وفاقی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ علاقے میں سڑکوں، مواصلاتی نظام، توانائی، تعلیم، صحت، سیاحت اور روزگار کے شعبوں میں بہتری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے قدرتی حسن، سیاحتی استعداد، قدرتی وسائل اور معدنی ذخائر سے فائدہ اٹھا کر مقامی معیشت کو مزید مستحکم بنایا جائے گا۔ حکومت علاقے کے عوام کے لیے ترقی اور خوشحالی کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔