اسلام آباد : ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کے دباؤ کے پیشِ نظر وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کے لیے ایک بڑے ریلیف پیکیج کا اعلان کر دیا ہے۔ قوم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پٹرول پر عائد لیوی میں 80 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا، جس کے نتیجے میں پٹرول کی فی لیٹر قیمت 458 روپے سے کم ہو کر 378 روپے کی سطح پر آ جائے گی۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ اگرچہ عالمی جنگی صورتحال کی وجہ سے پوری دنیا کی معیشتیں دباؤ کا شکار ہیں، لیکن حکومت پاکستان نے عوام کو تحفظ دینے کے لیے اب تک 129 ارب روپے کی خطیر سبسڈی مختص کی ہے۔ پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے ایک لاکھ روپے، بڑے ٹرکوں کے لیے 80 ہزار اور چھوٹے ٹرکوں کے لیے 70 ہزار روپے ماہانہ سبسڈی دی جائے گی۔
اشیاء خوردونوش کی قیمتیں مستحکم رکھنے کے لیے مال بردار گاڑیوں کو 100 روپے فی لیٹر کی خصوصی رعایت دی جائے گی۔
چھوٹے کاشتکاروں کی مالی معاونت کے لیے 1500 روپے فی ایکڑ امداد فراہم کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ مسافروں کی سہولت کی خاطر ریلوے کی اکانومی کلاس کے کرایوں میں کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے اپنے خطاب میں بتایا کہ ان اہم فیصلوں سے قبل ایوانِ صدر میں ایک اعلیٰ سطح کی مشاورتی بیٹھک ہوئی جس میں صدرِ مملکت، چاروں وزرائے اعلیٰ اور عسکری قیادت نے شرکت کی۔ انہوں نے صوبائی حکومتوں کی جانب سے اس قومی مقصد کے لیے مالی وسائل کی فراہمی کے عزم کو سراہا۔
وزیراعظم نے اس دعا کے ساتھ اپنی گفتگو کا اختتام کیا کہ خطے میں جاری جنگ جلد بند ہو تاکہ عالمی معاشی صورتحال میں بہتری آ سکے اور پاکستان کا عام آدمی سکھ کا سانس لے سکے۔