لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر کے عوام کے لیے ایک جامع اور انقلابی ریلیف پیکیج کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت نہ صرف پبلک ٹرانسپورٹ کو مفت کر دیا گیا ہے بلکہ کسانوں اور موٹر سائیکل سواروں کے لیے ایندھن پر خطیر مالی رعایت بھی فراہم کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے پنجاب کے تمام شہروں میں سرکاری ٹرانسپورٹ استعمال کرنے والوں کے لیے ٹکٹ کی شرط ختم کر دی ہے ۔ اورنج لائن ٹرین، میٹرو بس، سپیڈو اور گرین الیکٹرو بسوں میں اب شہری بغیر ٹکٹ سفر کر سکیں گے۔اس اقدام سے طلبہ، دہاڑی دار مزدوروں اور سفید پوش طبقے کے سفری اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی۔
بڑھتی ہوئی عالمی قیمتوں کے اثرات سے بچانے کے لیے وزیراعلیٰ نے نقد سبسڈی کا طریقہ کار وضع کیا ہے۔ زراعت اور کسان کے تحفظ کے لیے فی ایکڑ، فی لیٹر ڈیزل پر 100 روپے کی نقد سبسڈی دی جائے گی۔ہر رجسٹرڈ بائیک مالک کو ماہانہ 20 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر کی خصوصی رعایت ملے گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باوجود ایک ماہ تک نرخ برقرار رکھنے پر وزیراعظم شہباز شریف کو سراہتے ہوئے کہا "وزیراعظم نے بدترین معاشی صورتحال میں عوام کو مشکلات سے بچانے کی مخلصانہ اور بھرپور کوشش کی، جو ایک ذمہ دار قیادت اور بہترین معاشی حکمتِ عملی کی واضح مثال ہے۔