لاہور: پاکستانی ٹینس ٹیم نے آئی ٹی ایف ٹینس ماسٹرز ورلڈ ٹیم چیمپئن شپ کی 45 پلس کیٹیگری میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کرلی اور چاندی کا تمغہ اپنے نام کرلیا۔
فائنل میں پاکستان اور سپین کی ٹیمیں مدمقابل آئیں۔ ٹاپ سیڈ سپین نے سخت مقابلے کے بعد پاکستان کو 2-1 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
فیصلہ کن سنگلز میچ میں پاکستانی کھلاڑی عقیل خان کا مقابلہ اسپین کے فرانسسکو جیویئر مارٹینیز بینا سے ہوا، جہاں سپینش کھلاڑی نے 6-4، 6-2 سے کامیابی حاصل کی اور اپنی ٹیم کو فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔
عقیل خان نے ایونٹ کے دوران اپنی کارکردگی سے متاثر کیا اور سنگلز کے علاوہ ڈبلز مقابلوں میں بھی پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے اہم کامیابیاں حاصل کیں۔ ڈبلز میں ان کے ساتھ اعصام الحق قریشی نے بھی ٹیم کے لیے قیمتی پوائنٹس حاصل کیے۔
پاکستانی ٹیم نے فائنل تک پہنچنے کے لیے کئی مضبوط حریفوں کو شکست دی۔ قومی کھلاڑیوں نے امریکا، کینیڈا، میزبان پرتگال اور سویڈن کے خلاف کامیابیاں سمیٹتے ہوئے ٹورنامنٹ کے فیصلہ کن مرحلے تک رسائی حاصل کی۔
جیمور ٹینس سینٹر میں ہونے والی اختتامی تقریب کے دوران پاکستانی ٹیم کو سلور میڈلز اور رنرز اپ ٹرافی پیش کی گئی۔ انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن اور پرتگالی ٹینس فیڈریشن کے صدور نے کھلاڑیوں میں میڈلز تقسیم کیے، جبکہ پرتگال میں تعینات پاکستانی سفیر پالو ڈومنگیز بھی تقریب میں شریک تھے۔
پاکستان کا یہ سلور میڈل آئی ٹی ایف ماسٹرز ورلڈ ٹیم چیمپئن شپ میں ملک کی اب تک کی سب سے نمایاں کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔ قومی ٹیم نے مضبوط حریفوں کے خلاف عمدہ کھیل پیش کرکے نہ صرف پوڈیم پر جگہ بنائی بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کی ٹینس صلاحیتوں کا بھی بھرپور اظہار کیا۔