Wed, September 16, 2026

وزیراعظم سے بلوچستان کے ہونہار طالب علم اکرام اللہ کاکڑ کی ملاقات ، راولپنڈی بورڈ میٹرک امتحانات میں تیسری پوزیشن حاصل کی

وزیراعظم سے بلوچستان کے ہونہار طالب علم اکرام اللہ کاکڑ کی ملاقات ، راولپنڈی بورڈ میٹرک امتحانات میں تیسری پوزیشن حاصل کی

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بلوچستان کے دور دراز اور پسماندہ علاقے قلعہ سیف اللہ سے تعلق رکھنے والے طالبعلم اکرام اللہ نے ملاقات کی، جس نے راولپنڈی تعلیمی بورڈ میں تیسری پوزیشن حاصل کر کے نہ صرف اپنا وعدہ پورا کیا بلکہ سب کا دل بھی جیت لیا۔

اکرام اللہ کی کہانی 2022 میں اس وقت شروع ہوئی جب وزیراعظم شہباز شریف نے قلعہ سیف اللہ کا دورہ کیا۔ سیلاب کے بعد لگے امدادی کیمپ میں ان کی ملاقات ایک باہمت بچے اکرام اللہ سے ہوئی، جس نے وزیراعظم کے سامنے اپنے تعلیمی خواب کا ذکر کیا۔ وزیراعظم نے اسی وقت وعدہ کیا کہ وہ اس بچے کی تعلیم کا مکمل خرچ برداشت کریں گے۔

وزیراعظم نے یاد کرتے ہوئے کہا، "مجھے آج بھی یاد ہے، وہ سخت دھوپ کا دن تھا، اکرام اللہ نے سیاہ شلوار قمیض پہن رکھی تھی۔ اُس نے بتایا تھا کہ ہمارے علاقے میں اسکول نہیں، اور بچوں کو پڑھائی کے لیے دور جانا پڑتا ہے۔ اُس کی باتوں سے اس کے شوق اور جذبے کا اندازہ ہو رہا تھا۔"

وزیراعظم نے اکرام اللہ کو لارنس کالج میں داخل کروایا، اور آج جب یہ خبر آئی کہ اکرام اللہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی ہے، تو شہباز شریف نے کہا، "مجھے بہت خوشی اور فخر ہوا۔ یہ کامیابی اس کی محنت، والدین کی دعاؤں اور اساتذہ کی رہنمائی کا نتیجہ ہے۔"

اکرام اللہ نے وزیراعظم سے ملاقات کے دوران کہا، "میں نے آپ سے وعدہ کیا تھا کہ پوزیشن لوں گا، اور میں وہ وعدہ پورا کرنے آیا ہوں۔ آپ نے سیاست سے ہٹ کر مجھے سپورٹ کیا۔ میری کامیابی آپ کی مہربانی اور اعتماد کی مرہون منت ہے۔"

اکرام اللہ نے بتایا کہ وہ پڑھائی کے ساتھ ساتھ تقریری مقابلوں اور کھیلوں میں بھی حصہ لیتا ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے اُسے ایک خصوصی تحفہ بھی دیا اور کہا کہ یہ تحفہ نہ صرف پڑھائی بلکہ عملی زندگی میں بھی اس کے کام آئے گا۔

یہ ملاقات نہ صرف ایک طالبعلم کے خواب کی تعبیر ہے بلکہ اس بات کا ثبوت بھی کہ اگر نیت صاف ہو، اور موقع دیا جائے، تو پاکستان کا ہر بچہ کامیاب ہو سکتا ہے۔

ٹیگز: