Wed, September 16, 2026

عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں مزید کمی

 عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں مزید کمی

تہران: ایران اور امریکا کے درمیان جاری سفارتی رابطوں میں بہتری کے اشاروں کے بعد عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں مزید کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل کی قیمت کم ہو کر 97 ڈالر فی بیرل کے قریب پہنچ گئی ہے، جبکہ برینٹ خام تیل بھی مندی کے رجحان کے ساتھ 95.37 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہوتا رہا۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان کشیدگی میں کمی اور جاری مذاکراتی عمل نے عالمی توانائی منڈی پر فوری اور واضح اثرات مرتب کیے ہیں۔ سرمایہ کار اس وقت محتاط رویہ اپنائے ہوئے ہیں اور صورتحال کے اگلے رخ کے منتظر ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران مشرق وسطیٰ میں جغرافیائی کشیدگی کے باعث خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ دیکھا گیا تھا، تاہم حالیہ سفارتی پیش رفت نے مارکیٹ کو وقتی سکون فراہم کیا ہے۔

ماہرین کے مطابق آنے والے دنوں میں مذاکراتی پیش رفت اور عالمی معیشت کے اشاریے تیل کی قیمتوں کے رجحان کا تعین کریں گے، جبکہ عالمی منڈیاں صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
 
 
 

ٹیگز: