Wed, September 16, 2026

پاکستان عالمی امن کا ضامن: اسلام آباد میں امریکہ اور ایران کے درمیان 'بڑے مذاکرات' کا میدان سج گیا

پاکستان عالمی امن کا ضامن: اسلام آباد میں امریکہ اور ایران کے درمیان 'بڑے مذاکرات' کا میدان سج گیا

اسلام آباد : پاکستان نے عالمی سفارت کاری کے میدان میں بڑی کامیابی حاصل کر لی۔ ایران اور امریکہ کے درمیان جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے تاریخی مذاکرات کا آغاز آج سے اسلام آباد میں ہو رہا ہے۔ پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے اس دو روزہ امن عمل نے پوری دنیا کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے۔امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی قیادت میں ایک وفد پہنچ رہا ہے جس میں جیرڈ کشنر اور سٹیو وٹکوف جیسے اہم نام شامل ہیں۔ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی اور سپیکر پارلیمنٹ باقر قالیباف مذاکرات کی میز پر ایران کی نمائندگی کریں گے۔
وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے واضح کیا ہے کہ امریکی اور ایرانی وفود پاکستان کے خصوصی مہمان ہیں۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق بات چیت انتہائی حساس ہے اور اس کا مقصد ایک ایسی "ڈیل" تک پہنچنا ہے جو فریقین کے لیے قابل قبول ہو۔
اس بڑی سفارتی پیش رفت پر عالمی برادری پاکستان کی گرویدہ ہو گئی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کو گزشتہ چند گھنٹوں میں عالمی رہنماؤں کی جانب سے متعدد ٹیلی فون کالز موصول ہوئیں۔جرمن چانسلر، اطالوی وزیراعظم اور آسٹریا کے چانسلر نے پاکستان کے مصالحتی کردار کو سراہا۔امیرِ قطر، شاہِ بحرین اور لبنانی وزیراعظم نے پاکستان کو اس کامیاب پیش رفت پر مبارکباد دی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں ہونے والے یہ مذاکرات عالمی سیاست کا رخ موڑ سکتے ہیں۔ پاکستان کا ایک ہی وقت میں امریکہ اور ایران کو ایک میز پر بٹھا لینا اس کی خارجہ پالیسی کی بڑی جیت قرار دی جا رہی ہے۔ کل (ہفتہ) ہونے والا دوسرا دور ان مذاکرات کا سب سے اہم مرحلہ ثابت ہوگا۔

ٹیگز: