Wed, September 16, 2026

نشرہ سندھو نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کیلیے نیا ریکارڈ قائم کردیا

نشرہ سندھو نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کیلیے نیا ریکارڈ قائم کردیا

دبئی: پاکستان ویمنز ٹیم کی سپنر نشرہ سندھو نے ہانگ کانگ کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں تاریخ رقم کردی۔

ویمنز ایشیا کپ کے دوران کھیلے گئے میچ میں نشرہ سندھو نے اپنی گھومتی گیندوں سے ہانگ کانگ کی بیٹنگ کو بے بس کردیا اور محض 7 رنز دے کر 6 وکٹیں اپنے نام کیں۔

اس شاندار سپیل کے ساتھ نشرہ سندھو پاکستان کی پہلی کھلاڑی بن گئی ہیں جنہوں نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 6 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ یہ اعزاز اس سے قبل پاکستان کی کسی مرد یا خاتون کرکٹر کے پاس نہیں تھا۔

ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کی جانب سے بہترین بولنگ کا سابقہ ریکارڈ عمیمہ سہیل کے نام تھا، جنہوں نے 13 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

اسی طرح مردوں اور خواتین کے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ریکارڈ کو مجموعی طور پر دیکھا جائے تو اس سے پہلے بہترین کارکردگی سفیان مقیم نے دکھائی تھی، جنہوں نے صرف 3 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

نشرہ سندھو کی ریکارڈ توڑ کارکردگی کے باوجود یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اسی ایشیا کپ میں سری لنکا کی چماری اتاپتو ہانگ کانگ کے خلاف 5 رنز کے عوض 7 وکٹیں لے کر ایک اننگز میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا عالمی ریکارڈ بنا چکی ہیں۔

نشرہ سندھو کا یہ شاندار سپیل پاکستان ویمنز کرکٹ کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

ٹیگز: