Wed, September 16, 2026

دوحہ میں اسرائیلی فضائی کارروائی پر پاکستان کا سخت ردعمل

دوحہ میں اسرائیلی فضائی کارروائی پر پاکستان کا سخت ردعمل

اسلام آباد: پاکستان نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں اسرائیل کی جانب سے کیے گئے فضائی حملے کی بھرپور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین، اقوام متحدہ کے چارٹر اور قطر کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ یہ حملہ اقوام متحدہ کے اصولوں اور عالمی امن کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل خطے میں بے چینی اور عدم استحکام پھیلانے کی اپنی سازشوں پر عمل پیرا ہے، جس کے سنگین نتائج ہو سکتے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ میں پرعزم ہے اور بلاوجہ جارحیت کے خلاف قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے دوحہ میں اسرائیلی فضائی حملے کی سخت مذمت کی ہے اور کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام قطر کے ساتھ مکمل طور پر کھڑے ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر اس حملے کا نوٹس لے اور اسرائیل کو اس کے اقدامات کا جواب دہ ٹھہرائے۔

وزیراعظم نے امیر قطر سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ مظلوموں کے ساتھ کھڑا رہے گا اور عالمی سطح پر ہر فورم پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف آواز بلند کرے گا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کے غیر قانونی اقدامات کا مؤثر جواب دے اور خطے میں امن و سلامتی کے لیے فوری اقدامات کرے۔

ٹیگز: