اسلام آباد: اسرائیل کی قید سے رہائی پا کر وطن واپس آنے والے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان نے جماعتِ اسلامی سے علیحدگی اختیار کر لی۔
ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں انہوں نے جماعتِ اسلامی سے استعفیٰ دینے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اپنا استعفیٰ 19 ستمبر کو گلوبل صمود فلوٹیلا کے سفر کے دوران بھجوایا تھا۔ تاہم، ان کے مطابق اب تک جماعت کی جانب سے اس پر کوئی باضابطہ ردِعمل نہیں دیا گیا۔
مشتاق احمد خان نے استعفیٰ کی وجوہات بتاتے ہوئے کہا کہ بعض اوقات تنظیمی ڈھانچے انسان کی آزادانہ جدوجہد میں رکاوٹ بن جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اب بغیر کسی تنظیمی حد کے انسانی حقوق، جمہوریت، آزاد میڈیا، ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی، فلسطین کے عوام اور وفاقی اکائیوں کے آئینی حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھنا چاہتے ہیں۔
سابق سینیٹر مشتاق احمد خان طویل عرصے سے جماعتِ اسلامی سے وابستہ رہے اور بطور قانون ساز سینیٹ میں انسانی و اسلامی اصولوں کے تحفظ کے حوالے سے فعال کردار ادا کرتے رہے ہیں۔