اسلام آباد : دفتر خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ اردن کے دارالحکومت عمان میں موجود پاکستان کے سفارت خانے کی مدد سے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کی محفوظ واپسی کے لیے بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ اردنی حکومت کے تعاون سے یہ معاملہ جلد ہی خوش اسلوبی سے حل ہو جائے گا۔
ترجمان نے اردن کی حکومت کی تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر ممکن طریقے سے اپنے شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے اور انہیں بحفاظت وطن واپس لانے کے لیے کوشاں ہے۔
واضح رہے کہ جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے مشتاق احمد خان غزہ کی حمایت میں جاری گلوبل صمود فلوٹیلا کے قافلے کا حصہ تھے۔ اسرائیلی فورسز نے قافلے پر حملہ کرکے کئی افراد کو حراست میں لے لیا، جن میں مشتاق احمد خان بھی شامل ہیں۔ قافلے کے تقریباً 170 افراد کو رہا کر دیا گیا ہے جبکہ آج مزید 70 افراد بشمول معروف ماحولیات کی سرگرم کارکن گریٹا تھن برگ کو رہا کیا جانا ہے۔ تاہم مشتاق احمد خان سمیت کچھ افراد ابھی بھی حراست میں ہیں۔