Wed, September 16, 2026

دہشتگردی کے خاتمے کا عزم غیر متزلزل، ریاست انتشار برداشت نہیں کرے گی: شہباز شریف

دہشتگردی کے خاتمے کا عزم غیر متزلزل، ریاست انتشار برداشت نہیں کرے گی: شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق اور اُن کے ساتھ شہید ہونے والے نو بہادر سپاہیوں نے وطن کی خاطر اپنی جانوں کی قربانی دے کر لازوال مثال قائم کی۔ اُنہوں نے کہا کہ شہداء نے وطن کے دفاع میں وہ کارنامہ انجام دیا ہے جس پر پوری قوم کو ناز ہے۔

راولپنڈی میں لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق اور دیگر شہداء کی نمازِ جنازہ میں اعلیٰ عسکری حکام، سول افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے شہداء کے اہلِ خانہ کے عزم و ہمت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے جوان اپنی جانیں قربان کر کے آنے والی نسلوں کا مستقبل محفوظ بنا رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ قرآنِ کریم میں واضح ارشاد ہے کہ شہداء زندہ ہیں، اُنہیں مردہ نہ کہا جائے۔ انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ کچھ عناصر انہی دہشتگردوں کی حمایت کر رہے ہیں جو ہمسایہ ملک سے آ کر پاکستان میں فساد پھیلا رہے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ ریاست کسی کو بھی انتشار یا بدامنی پھیلانے کی اجازت نہیں دے گی۔ اُنہوں نے واضح کیا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے حکومت اور سیکیورٹی ادارے پرعزم ہیں، اور دوست نما دشمنوں کو بھی اب بے نقاب ہونا ہوگا۔

غزہ کی صورتحال پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے اصولی مؤقف پر قائم رہا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ فوری جنگ بندی اور بے گناہ شہریوں کے قتلِ عام کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے۔

وزیراعظم نے مزید بتایا کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے عرب اسلامی سربراہی اجلاس کے دوران ملاقات میں پاکستان کی امن کوششوں کو سراہا گیا تھا۔ اُنہوں نے مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کا قابلِ اعتماد، دیرینہ اور ہر آزمائش میں ساتھ دینے والا دوست ہے۔

ٹیگز: