Wed, September 16, 2026

کینیڈا کے آسمان پر پراسرار روشنی، شہری خوفزدہ

کینیڈا کے آسمان پر پراسرار روشنی، شہری خوفزدہ

اوٹاوا: کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا کے آسمان پر رات کے وقت اچانک ظاہر ہونے والی غیر معمولی روشنی نے شہریوں کو حیرت اور خوف میں مبتلا کر دیا، جبکہ اس دلکش مگر پراسرار منظر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ روشنی آسمان میں آہستہ آہستہ حرکت کرتی ہوئی دکھائی دی اور کئی کلومیٹر دور تک اس کے بکھرتے ہوئے اثرات محسوس کیے گئے، جس کے باعث بعض افراد نے اسے یو ایف او یا خلائی مخلوق سے بھی جوڑ دیا۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ یہ منظر انتہائی غیر معمولی تھا، جو بیک وقت خوف اور تجسس دونوں کا باعث بنا اور دیکھنے والوں کو حیرت میں ڈال گیا۔

بعد ازاں ماہرین فلکیات نے اس واقعے کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ یہ دراصل اسپیس ایکس کے فیلکن 9 راکٹ کے لانچ کے بعد فضا میں بننے والا “جیلی فش ایفیکٹ” تھا۔

ماہرین کے مطابق راکٹ کے دوسرے مرحلے سے خارج ہونے والی گیسیں بلند فضا میں پھیل گئیں، جن پر سورج کی روشنی پڑنے سے ایک روشن اور مخروطی شکل کا منظر تشکیل پایا، جو زمین سے دیکھنے والوں کے لیے غیر معمولی اور دلکش ثابت ہوا۔

فلکیاتی ماہرین نے مزید کہا کہ جدید خلائی سرگرمیوں کے باعث اس نوعیت کے مناظر اب کبھی کبھار دیکھنے کو ملتے ہیں، تاہم عام لوگوں کے لیے یہ اب بھی حیرت اور دلچسپی کا باعث بنتے ہیں۔
 
 
 
 

ٹیگز: