Wed, September 16, 2026

کرم میں بھیڑیے کے حملے، شہری خوفزدہ، حکام سے کارروائی کا مطالبہ

کرم میں بھیڑیے کے حملے، شہری خوفزدہ، حکام سے کارروائی کا مطالبہ

وسطی کرم: وسطی کرم کے مختلف علاقوں میں جنگلی بھیڑیے کے حملوں میں مزید 5 افراد زخمی ہو گئے ہیں، جس کے بعد دو روز کے دوران زخمیوں کی مجموعی تعداد 14 تک جا پہنچی ہے۔ پولیس کے مطابق، بھیڑیے نے ذیمشت، کنڈالی، شمخی اور اوٹ کے علاقوں میں شہریوں پر حملہ کیا۔

زخمیوں کو فوری طور پر صدہ اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ڈاکٹرز کے مطابق تمام افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ تاہم، علاقے میں جنگلی جانور کے حملوں کے باعث خوف و ہراس پھیل گیا ہے، اور شہریوں نے متعلقہ حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔


انتظامیہ نے عوام کو محتاط رہنے اور غیر ضروری طور پر کھلے مقامات پر نہ جانے کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ وائلڈ لائف اور مقامی حکام کی جانب سے بھیڑیے کو قابو میں لانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، تاکہ مزید کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

مقامی عوام کا کہنا ہے کہ جنگلی جانوروں کے حملوں سے نمٹنے کے لیے حکام کو فوری اور مؤثر اقدامات کرنے چاہئیں۔ محکمہ وائلڈ لائف کے اہلکاروں نے علاقے میں موجود جنگلی جانوروں کی نگرانی اور انہیں قابو میں لانے کے لیے مزید وسائل مختص کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

اس صورتحال نے علاقے کے رہائشیوں کو پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے، اور انہیں امید ہے کہ حکام جلد از جلد اس مسئلے کا حل نکالیں گے تاکہ ان کی جان و مال کو محفوظ بنایا جا سکے۔
 
 

ٹیگز: