کوئٹہ: بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فجر کے وقت آسمان پر رنگ برنگی روشنیاں نمودار ہوئیں، جنہیں دیکھ کر شہریوں میں حیرت اور تجسس کی لہر دوڑ گئی۔
سوشل میڈیا پر اس غیر معمولی منظر کی ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہو گئیں، جہاں صارفین نے قیاس آرائیاں کیں کہ شاید پاکستان نے کوئی ہائیپر سونک میزائل یا خلائی تجربہ کیا ہے۔
تاہم محکمہ موسمیات پاکستان (PMD) نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ کسی فوجی یا خلائی سرگرمی کا نتیجہ نہیں بلکہ قدرتی مظہر لینٹی کیولر کلاؤڈ فارمیشن تھا۔
محکمہ کے مطابق یہ عدسہ نما بادل کوہِ مردار کے اوپر بنے، تقریباً 20 منٹ تک موجود رہے اور سورج نکلنے سے کچھ پہلے غائب ہو گئے۔
ماہرین کے مطابق ایسے بادل مستحکم ہوا کے پہاڑوں سے گزرنے پر بنتے ہیں اور اکثر دیکھنے میں اڑن طشتری یا میزائل کے دھوئیں جیسے لگتے ہیں۔
بلوچستان کے شہریوں نے اس منظر کو قدرت کا حسین کرشمہ قرار دیتے ہوئے سوشل میڈیا پر خوب سراہا۔