ممبئی: معروف بھارتی گلوکار اور اداکار دلجیت دوسانجھ نے سیاست میں شامل ہونے کی خبروں پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سیاسی میدان میں آنے کے بجائے شوبز کی دنیا میں ہی کام جاری رکھنا چاہتے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حالیہ دنوں میں پنجاب کی سیاست میں دلجیت دوسانجھ کو ایک نئی سیاسی شخصیت کے طور پر پیش کرنے کی بات سامنے آئی تھی۔ اس سلسلے میں سول سوسائٹی کے چند افراد، جن میں سابق فوجی افسران اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات شامل تھیں، نے انہیں سیاست میں قدم رکھنے کا مشورہ دیا تھا۔ اس مہم کی قیادت ریٹائرڈ بیوروکریٹ ایس ایس بپورائی کر رہے تھے۔
دلجیت دوسانجھ نے اس تجویز کو رد کرتے ہوئے واضح کیا کہ وہ اپنے فنی کیریئر سے مطمئن ہیں اور لوگوں کی تفریح ہی ان کی اولین ترجیح ہے۔
اپنے ردعمل میں انہوں نے پنجابی زبان میں کہا، “کدے وی نئیں، میرا کم انٹرٹینمنٹ کرنا اے، میں اپنے شعبے وچ بہت خوش آں، شکریہ۔”
اداکار اور گلوکار کے اس بیان کے بعد مداحوں نے بھی ان کے فیصلے کی حمایت کی اور کہا کہ دلجیت کو اپنے فن اور موسیقی پر ہی توجہ دینی چاہیے کیونکہ یہی ان کی اصل شناخت ہے۔