Wed, September 16, 2026

لاہور آنے کی دعوت پر دلجیت دوسانجھ کا دوٹوک جواب

لاہور آنے کی دعوت پر دلجیت دوسانجھ کا دوٹوک جواب

ممبئی: بھارت کے معروف پنجابی گلوکار اور اداکار دلجیت دوسانجھ نے واضح کیا ہے کہ موجودہ حالات کے باعث ان کے لیے لاہور کا دورہ کرنا آسان نہیں، کیونکہ اس فیصلے پر انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

دلجیت دوسانجھ نے اپنے یورپی میوزک ٹور کی تشہیر کے سلسلے میں انسٹاگرام پر لائیو سیشن کیا، جہاں انہوں نے مداحوں کے مختلف سوالات کے جواب دیے۔ اسی دوران لاہور سے تعلق رکھنے والے ایک مداح نے انہیں شہر آنے کی دعوت دی۔

اس پر دلجیت دوسانجھ نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ اگر وہ لاہور آ گئے تو پھر دیگر مقامات پر نہ جانے کے باعث انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات سے ہر کوئی بخوبی آگاہ ہے، اس لیے اس وقت ایسا فیصلہ کرنا آسان نہیں۔

گلوکار نے مزید کہا کہ وہ ہمیشہ خود کو سیاست سے دور رکھتے ہیں اور سیاسی معاملات پر اظہارِ خیال یا مداخلت سے گریز کرتے ہیں۔ ان کے مطابق موجودہ صورتحال میں حالات بہتر ہوتے دکھائی نہیں دیتے، اس لیے اگر وہ لاہور کا رخ کرتے ہیں تو انہیں مخالفت اور تنقید کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

دلجیت دوسانجھ کے اس بیان نے سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کر لی ہے، جہاں صارفین ان کے مؤقف پر مختلف آراء کا اظہار کر رہے ہیں۔

ٹیگز: