کیلیفورنیا: انسٹا گرام نے صارفین کے لیے ایک اہم اور طویل عرصے سے زیرِ انتظار فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے پروفائل کو اپنی خواہش اور ترجیح کے مطابق منظم کرنا ممکن ہو گیا ہے۔
یہ فیچر انسٹا گرام کے سربراہ ایڈم موسیری کی جانب سے تقریباً ایک سال قبل پیش کیا گیا تھا، جو اب باضابطہ طور پر دنیا بھر کے صارفین کے لیے جاری کر دیا گیا ہے۔
نئے فیچر کے تحت صارفین اپنی پروفائل گرڈ میں موجود پوسٹس کو کسی بھی ترتیب میں منتقل اور دوبارہ ترتیب دے سکیں گے۔ اس کے لیے پروفائل سیٹنگز میں “ری آرڈر” کے نام سے ایک نیا آپشن شامل کیا گیا ہے۔
اس سہولت کے ذریعے اب پرانی پوسٹس کو بھی نمایاں طور پر اوپر لایا جا سکے گا، جبکہ اس سے پہلے انسٹا گرام پر مواد صرف تازہ ترین اپ لوڈ کے حساب سے ظاہر ہوتا تھا۔
کمپنی کے مطابق یہ فیچر صارفین کی جانب سے سب سے زیادہ طلب کیے جانے والے فیچرز میں شامل تھا، جس کا مقصد پروفائل کو زیادہ ذاتی، منظم اور بہتر انداز میں پیش کرنے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔