دوحہ :مشرق وسطیٰ کی حالیہ کشیدگی میں کچھ دیر کے لیے قطر اور متحدہ عرب امارات نے اپنی فضائی حدود بند کر دی تھیں، جس کی وجہ ایران کی طرف سے قطر میں امریکی فوجی اڈے پر میزائل حملہ تھا۔ اس حملے کے بعد دونوں ممالک نے اپنے تمام ایئرپورٹس بند کر دیے تھے اور ہوائی جہازوں کی آمد و رفت روک دی گئی تھی۔
اب ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کے بعد، دونوں ممالک نے اپنی فضائی حدود دوبارہ کھول دی ہیں اور کمرشل پروازوں کی بحالی شروع ہو گئی ہے۔ اس دوران تقریباً 26 تجارتی پروازیں متاثر ہوئیں، جنہیں یا تو دوسری جگہوں پر لینڈ کرنا پڑا یا واپس لوٹنا پڑا۔ ان میں زیادہ تر پروازیں دوحہ اور دبئی کے لیے تھیں، جن میں قطر ایئر ویز کی کئی پروازیں بھی شامل تھیں۔
ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ فضائی حدود بند کرنے کا مقصد مسافروں اور ہوائی جہازوں کی حفاظت تھا کیونکہ خطے میں سکیورٹی خطرات بڑھ گئے تھے۔ تاہم اب حالات بہتر ہونے کے بعد فلائٹس معمول کے مطابق چل رہی ہیں۔
مسافروں کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ سفر سے پہلے اپنی ایئرلائن سے تازہ ترین اپڈیٹس ضرور حاصل کریں۔