Wed, September 16, 2026

جاپان: چیٹ جی پی ٹی کے ذریعے اسٹریمنگ پلیٹ فارم پر حملہ، 46 ہزار اکاؤنٹس متاثر

جاپان: چیٹ جی پی ٹی کے ذریعے اسٹریمنگ پلیٹ فارم پر حملہ، 46 ہزار اکاؤنٹس متاثر

ٹوکیو: جاپان میں ہائی اسکول کے 15 سالہ طالب علم کو چیٹ جی پی ٹی کی مدد سے مبینہ طور پر سائبر حملہ کرنے کے الزام میں حراست میں لے لیا گیا، جس کے نتیجے میں ایک معروف اسٹریمنگ پلیٹ فارم کے ہزاروں صارفین متاثر ہوئے۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق نوجوان پر الزام ہے کہ اس نے ایک ایسا کمپیوٹر پروگرام تیار کیا جسے "بانڈائی نامکو فلم ورکس"کی ویڈیو اسٹریمنگ سروس "بانڈائی چینل" پر حملے کے لیے استعمال کیا گیا۔ اس کارروائی کے باعث پلیٹ فارم کا نظام درہم برہم ہوگیا اور 46 ہزار سے زائد صارفین کے اکاؤنٹس حذف ہوگئے۔

پولیس کے مطابق نومبر 2025 میں پیش آنے والے اس واقعے میں ملزم پر آن لائن سروس کے کاروباری نظام کو دھوکا دہی کے ذریعے متاثر کرنے کا شبہ ہے۔

تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ طالب علم نے پلیٹ فارم کے سکیورٹی نظام میں موجود خامیوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے حملہ کیا، جس کے باعث کمپنی کو اپنی سروس کے بعض فیچرز عارضی طور پر معطل کرنا پڑے۔

ابتدائی تفتیش میں نوجوان نے بتایا کہ اسے کمپیوٹر پروگرامنگ کا شوق چوتھی جماعت سے تھا اور اس نے حملے میں استعمال ہونے والے سافٹ ویئر کا بنیادی کوڈ خود تحریر کیا۔ تاہم، پروگرام کو مکمل کرنے میں زیادہ وقت لگنے پر اس نے چیٹ جی پی ٹی سے رہنمائی حاصل کی، جس کی مدد سے مختلف پروگرامنگ زبانوں میں کوڈ کو حتمی شکل دی۔

پولیس کے مطابق ملزم نے دورانِ تفتیش اعتراف کیا کہ اس کی بانڈائی نامکو فلم ورکس سے کوئی ذاتی رنجش نہیں تھی۔ اس نے بتایا کہ اس نے اس پلیٹ فارم کو صرف اس لیے ہدف بنایا کیونکہ وہاں بڑی تعداد میں ایسے اکاؤنٹس موجود تھے جن تک رسائی حاصل کی جا سکتی تھی۔

ٹیگز: