Wed, September 16, 2026

پاک روس شراکت داری میں توانائی اور اقتصادی تعاون کلیدی حیثیت رکھتے ہیں، اویس لغاری

پاک روس شراکت داری میں توانائی اور اقتصادی تعاون کلیدی حیثیت رکھتے ہیں، اویس لغاری

اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی اویس احمد لغاری نے کہا ہے کہ پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات کو توانائی، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں عملی تعاون کے ذریعے مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اویس لغاری نے کہا کہ پاک روس تعلقات باہمی احترام، اعتماد اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر قائم ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان توانائی، تجارت، تعلیم اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان توانائی کا شعبہ باہمی تعلقات کا اہم مرکز ہے، جبکہ تیل اور گیس کی پائپ لائنز سمیت مختلف منصوبوں پر تعاون بڑھانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یوریشیا میں اقتصادی رابطہ کاری اور تجارتی سرگرمیوں کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں، جن سے فائدہ اٹھانے کے لیے مضبوط تجارتی راہداریوں، بہتر لاجسٹکس اور مؤثر سپلائی چینز کی ضرورت ہے۔

اویس لغاری نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان بارٹر ٹریڈ کا فریم ورک دوطرفہ تجارتی تعاون میں اہم پیش رفت ہے، جس سے اقتصادی روابط کو مزید فروغ مل سکتا ہے۔

انہوں نے تھنک ٹینکس اور جامعات کے کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ تحقیق، تعلیم، مشترکہ منصوبوں اور افرادی قوت کی تربیت کے ذریعے دونوں ممالک کے تعلقات کو دیرپا بنیاد فراہم کی جا سکتی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان توانائی کے شعبے میں روس کے ساتھ تعاون کا خیرمقدم کرتا ہے اور جدید توانائی نظام، مالیاتی استحکام اور بہتر حکمرانی کے لیے اصلاحات جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ باقاعدہ مکالمہ، باہمی اعتماد اور عملی تعاون ہی پاکستان اور روس کے درمیان مضبوط اور کامیاب شراکت داری کو آگے بڑھانے کا ذریعہ ہیں۔

ٹیگز: