اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری سے ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی، جس میں توانائی، تجارت اور دوطرفہ تعاون کے فروغ سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان بجلی کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر بات چیت ہوئی۔ ایرانی سفیر نے کہا کہ دوسری پاک۔ایران ٹرانسمیشن لائن پر جلد کام شروع کیا جائے گا، جبکہ پاکستان کو فراہم کی جانے والی 100 میگاواٹ بجلی کے معاہدے میں توسیع کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے بتایا کہ تہران میں ہونے والے مشترکہ کمیشن اجلاس میں پاکستانی توانائی کمپنیوں کو مدعو کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان زراعت، خوراک اور تجارت کے شعبوں میں تعاون کو بھی مزید فروغ دیا جائے گا۔
ایرانی سفیر نے بجلی کی مسلسل فراہمی پر پاکستان کے لیے ایران کے تعاون کو سراہا اور کہا کہ بحری راستوں کی بندش کے باوجود پاکستان کی تجارتی ضروریات پوری کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران اپنی تجارت کا بڑا حصہ پاکستانی بندرگاہوں کے ذریعے منتقل کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔
وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ پاکستانی ماہرین ایران جا کر وہاں کے بجلی کے نظام اور نیشنل گرڈ کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر کی ترقی کے لیے مستحکم، قابل اعتماد اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی ناگزیر ہے۔