نیویارک: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز میں سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی، جس میں عالمی امن و سلامتی، امن مشنز اور باہمی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران انتونیو گوتریس نے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کے مسلسل اور طویل عرصے پر محیط تعاون کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے امن کے قیام کے لیے پاکستانی اہلکاروں کی خدمات کو اہم قرار دیتے ہوئے پاکستان کے کردار کو سراہا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان عالمی امن کے لیے اقوام متحدہ کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا اور امن مشنز میں اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کرتا رہے گا۔
ملاقات میں عالمی امن کو درپیش چیلنجز، سکیورٹی صورتحال اور مستقبل کے تعاون کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔