Wed, September 16, 2026

مون سون کی بارشیں زور پکڑ گئیں، کئی شہروں میں پانی جمع اور سیلاب کا خطرہ

مون سون کی بارشیں زور پکڑ گئیں، کئی شہروں میں پانی جمع اور سیلاب کا خطرہ

لاہور :ملک بھر میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد جیسے بڑے شہروں میں تیز بارشوں نے ماحول خوشگوار تو بنا دیا ہے مگر نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا ہے جس سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

لاہور کے گڑھی شاہو، مال روڈ، جوہر ٹاؤن، ماڈل ٹاؤن اور دیگر علاقوں میں بارش نے سڑکیں تالاب بنا دیں۔ پنجاب کے گوجرانوالہ، ملتان اور گوجر خان میں بھی تیز بارشیں ہوئیں اور محکمہ موسمیات نے اگلے 24 گھنٹوں میں مزید بارش کی وارننگ دی ہے۔

بارشوں کے باعث پنجاب میں مختلف حادثات میں سات افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سات زخمی بھی ہوئے ہیں۔ بلوچستان میں بھی بارشوں کے دوران حادثات میں دس افراد جان سے گئے اور سات زخمی ہوئے۔

دریائے سندھ میں کندیاں کے مقام پر سیلاب کی کیفیت پیدا ہو گئی ہے، چشمہ بیراج پر پانی کی مقدار خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے۔

این ڈی ایم اے نے ملک بھر میں شدید بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری کیا ہے اور خاص طور پر دریائے کابل، سندھ، چناب، جہلم، سوات اور پنجکوڑہ کے علاقے سیلابی خطرے میں ہیں۔

ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور بلوچستان کے پہاڑی علاقوں میں ندی نالوں کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے، جس سے مزید نقصانات کا اندیشہ ہے۔

عوام سے درخواست ہے کہ احتیاط کریں، غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں اور حکام کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

ٹیگز: