اسلام آباد: انڈونیشیا کے صدر ابووسو بیانتو کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں ایک شاندار استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے اپنے معزز مہمان کا دل سے استقبال کیا، اور دونوں رہنماؤں نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا۔
اس موقع پر پاکستان کی مسلح افواج کے چاک و چوبند دستے نے انڈونیشیا کے صدر کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ صدر ابووسو بیانتو نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا، اور دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔
تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف نے انڈونیشیا کے صدر کو اپنے وفد کے ارکان سے متعارف کرایا، جبکہ صدر ابووسو بیانتو نے وزیراعظم کو اپنی کابینہ کے ارکان سے ملایا۔ اس کے بعد انڈونیشیا کے صدر نے وزیراعظم ہاؤس کے احاطے میں ایک پودا بھی لگایا۔
دونوں رہنما آج وفود کی سطح پر بات چیت کریں گے، جس میں دونوں ممالک کے تعلقات اور تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس دورے کے دوران پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور ثقافتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔