کراچی: میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی کے خلاف منفی پروپیگنڈا بند ہونا چاہیے، شہر درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے اور پیپلز پارٹی کی نیت عوام کی خدمت اور کراچی کی بہتری کے لیے کام کرنا ہے۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی کے لیے سب سے اہم سیاسی استحکام ہے، جب تک سیاسی استحکام نہیں آئے گا معاشی استحکام بھی نہیں آئے گا۔ نظام کو چلانے والے درست نہ ہوں تو کتنا ہی اچھا نظام ہو، وہ کامیاب نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے کہا کہ لانڈھی میں جو جگہ کھنڈر بنی ہوئی تھی اسے عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے، بارشوں کے بعد کراچی کی سڑکوں کی مرمت بھی کی جائے گی۔ ایم کیو ایم کے دور میں لانڈھی اسپورٹس کمپلیکس کی حالت کیا تھی، سب کے سامنے ہے۔
میئر کراچی کا کہنا تھا کہ کراچی کے مسائل شوشے چھوڑنے سے حل نہیں ہوں گے، ہر سوال کا جواب آئین پاکستان میں موجود ہے۔ صوبوں سے متعلق آئینی طریقہ کار پر عمل کیا جائے اور صوبوں کے معاملات آئین کے تحت پارلیمان میں حل کیے جائیں۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ منفی سوچ کو بابے تبدیل نہیں کرسکتے، نوجوان قیادت ہی آگے بڑھے گی۔ ہم جان بوجھ کر غلطی نہیں کریں گے اور شہر کی بہتری کے لیے کام جاری رکھیں گے۔ ہم سب کے لیے پاکستان سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں، مل کر ایسی پالیسیاں بنانا ہوں گی جن کا فائدہ عوام تک پہنچے۔
انہوں نے کہا کہ سڑکیں بلاک کرکے احتجاج کرنا مناسب عمل نہیں۔ جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم بھی کراچی کی بہتری کے لیے کام کریں۔
میر رضا کے معاملے پر میئر کراچی نے بتایا کہ پوسٹ مارٹم کے بعد نئی تفتیشی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ میر رضا کی موت قتل ہے یا خودکشی، تحقیقات کے بعد اس بات کا تعین ہوجائے گا۔