Wed, September 16, 2026

پی ایس ایل 11: پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 159 رنز سے ہرا دیا

پی ایس ایل 11: پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 159 رنز سے ہرا دیا

کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے 17ویں میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 159 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر ایونٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی فتح حاصل کرلی۔

کراچی میں کھیلے گئے اس میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا انتخاب کیا اور پشاور زلمی کو بیٹنگ کے لیے میدان میں اتارا۔

پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم اور کوشال مینڈس نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کو ایک مضبوط مجموعہ تک پہنچایا۔ دونوں کھلاڑیوں نے دوسری وکٹ کے لیے 191 رنز کی شاندار شراکت قائم کی، جو پی ایس ایل کی تاریخ کی بڑی پارٹنرشپس میں شامل ہے۔

کوشال مینڈس نے 109 رنز کی متاثر کن اننگز کھیلی جبکہ بابر اعظم 87 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

میچ کے آخری لمحات میں عبدالصمد نے تیز رفتار بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 12 گیندوں پر 40 رنز اسکور کیے، جس میں 3 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ کراچی کنگز کی جانب سے عباس آفریدی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

247 رنز کے تعاقب میں کراچی کنگز کی بیٹنگ مکمل طور پر ناکام رہی اور پوری ٹیم صرف 87 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ اعظم خان 25 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی رہے۔

پشاور زلمی کی جانب سے ناہید رانا، افتخار احمد اور سفیان مقیم نے تین، تین وکٹیں حاصل کر کے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

یوں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 159 رنز کے بھاری فرق سے ہرا کر پاکستان سپر لیگ کی تاریخ میں سب سے بڑی فتح اپنے نام کرلی۔

ٹیگز: