اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف سے جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی-ف) کے رہنما مولانا فضل الرحمان نے رابطہ کیا، جس دوران ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور حجاج کرام کے مسائل پر تفصیل سے گفتگو کی گئی۔
جے یو آئی کے ترجمان کے مطابق، مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم کو پرائیویٹ حج کے حجاج کرام کے مسائل سے آگاہ کیا اور ان سے درخواست کی کہ ان حجاج کی حج ادائیگی کے انتظامات کو مکمل طور پر یقینی بنایا جائے۔
ترجمان کے مطابق، وزیراعظم نے مولانا فضل الرحمان کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور فوری طور پر وزارت خارجہ کو حجاج کرام کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔
جے یو آئی کے ترجمان نے مزید بتایا کہ حج گروپ آرگنائزرز کے نمائندہ وفد نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی اور انہیں اپنے مسائل سے آگاہ کیا تھا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے پہلے بھی حجاج کرام کے مسائل حل کرنے کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔