اسلام آباد : وفاقی دارالحکومت میں سیاسی ہلچل تیز ہوگئی ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وفد کے ہمراہ مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، جس میں مستقبل کے سیاسی نقشے اور آئینی ترامیم پر اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں نے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے انتخابات مل کر لڑنے کے امکانات پر غور شروع کر دیا ہے۔ اس حوالے سے ایک مشترکہ فارمولے پر مشاورت کی گئی۔
ملاقات کا ایک بڑا ایجنڈا 28 ویں آئینی ترمیم رہی۔ بلاول بھٹو نے مولانا فضل الرحمان کو وزیراعظم سے ہونے والی حالیہ ملاقاتوں کے تناظر میں اعتماد میں لیا اور قانون سازی کے لیے تعاون کی درخواست کی۔ دونوں رہنماؤں نے مشرقِ وسطیٰ کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے خطے کے امن کے لیے بڑا خطرہ قرار دیا۔
ملاقات میں سیاسی وزن بڑھانے کے لیے دونوں جانب سے سینئر قیادت موجود تھی۔ پیپلز پارٹی کی طرف سے راجہ پرویز اشرف، نیئر بخاری اور چودھری یاسین جبکہ جے یو آئی کی طرف سے مولانا اسعد محمود نے شرکت کر کے مشاورت کے عمل کو مکمل کیا۔