اسلام آباد: پاکستان کے آئی ٹی اور ٹیکنالوجی شعبے کی عالمی منڈیوں میں رسائی بڑھنے لگی ہے، مالی سال 2025-26 کے دوران آئی سی ٹی برآمدی ترسیلات میں 19.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق آئی ٹی شعبے نے مالی سال کے دوران 2.91 ارب ڈالر کا تجارتی سرپلس حاصل کیا، جو ملکی معیشت میں ٹیکنالوجی کے شعبے کے بڑھتے ہوئے کردار کی عکاسی کرتا ہے۔
ملک میں ڈیجیٹل سرگرمیوں میں اضافے کے باعث سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان میں آئی ٹی اور آئی ٹی سروسز سے متعلق 872 نئی کمپنیاں بھی رجسٹر ہوئیں۔
پاکستانی ٹیک کمپنیاں عالمی سطح پر اپنے کاروبار کو وسعت دے رہی ہیں، جبکہ سعودی عرب میں ہونے والی حالیہ بین الاقوامی نمائش میں 20 سے زائد پاکستانی کمپنیوں کی شرکت نے عالمی مارکیٹ میں پاکستانی آئی ٹی مصنوعات اور خدمات کے لیے نئے مواقع بھی اجاگر کیے ہیں۔
ٹیکنالوجی شعبے کی برآمدات میں اضافہ پاکستان کے لیے زرمبادلہ کے حصول، روزگار کے نئے مواقع اور عالمی ڈیجیٹل معیشت میں مؤثر شمولیت کے امکانات کو مزید بڑھا رہا ہے۔