اسلام آباد: مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب اور بہاولپور صوبے کے قیام سے متعلق پنجاب اسمبلی کی پرانی قراردادیں اب غیر مؤثر ہوچکی ہیں۔
رانا ثناءاللہ نے کہا کہ نئے صوبوں کے حوالے سے قراردادیں 10 سال پہلے منظور ہوئی تھیں، کسی اسمبلی کی مدت کے دوران اگر قرارداد پر عملدرآمد نہ ہو تو وہ غیر مؤثر ہوجاتی ہے، اس لیے نئے صوبوں کے لیے نئی قراردادیں لانا ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ اب یہ موجودہ پنجاب اسمبلی پر منحصر ہے کہ وہ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق نئی قرارداد منظور کرتی ہے یا نہیں۔ صوبوں کے معاملے پر بحث پارلیمنٹ میں ہونی چاہیے، کیونکہ پارلیمنٹ ہی اس معاملے کا اصل فورم ہے۔
رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے محسن نقوی کی زبان بندی نہیں کی، وہ اپنی رائے کا اظہار کرنے میں آزاد ہیں۔ تاہم عوامی ریفرنڈم کی صورت میں بھی پارلیمنٹ کی منظوری اور آئین کے مطابق طریقہ کار اختیار کرنا ہوگا، کسی وزیر کے بیان کی بنیاد پر ایسا نہیں ہوسکتا۔