فیصل آباد: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثناءاللہ نے فیصل آباد میں ای بس پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب میں رانا ثناءاللہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ہمیشہ عوام کی خدمت کو ترجیح دیتی ہے اور مریم نواز کی قیادت میں خدمت کی سیاست کو نئی بلندی ملی ہے۔
رانا ثناءاللہ نے کہا کہ الیکٹرو بس منصوبہ خاص طور پر فیصل آباد کے بزرگ شہریوں اور خواتین کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا اور شہر بھر میں اس منصوبے کا خیرمقدم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے پنجاب کے صحت کے نظام میں بھی اصلاحات پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ اب عوام کو ان کے گھروں تک مفت ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی ترجیحات میں عام آدمی کے مسائل کا حل سب سے اہم ہے اور مریم نواز روزانہ عوام کے لیے نئے ترقیاتی منصوبے شروع کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین کی تنقید بے بنیاد ہے اور مریم نواز کے منصوبے عوام کی بہتری کے لیے ہیں جنہیں کوئی روک نہیں سکتا۔
رانا ثناءاللہ نے کہا کہ نواز شریف کی بیٹی ہونے پر مریم نواز کو فخر ہے اور یہ ان کی قیادت کو مزید مضبوط کرتا ہے۔ انہوں نے تنقید کرنے والوں کو نصیحت کی کہ وہ مثبت رہیں اور عوام کی خدمت کے راستے میں رکاوٹ نہ ڈالیں۔
مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر نے کہا کہ مریم نواز آنے والے وقت میں پاکستان کی وزیراعظم بنیں گی اور ان کی قیادت میں پنجاب ترقی اور خوشحالی کے نئے دور میں داخل ہوگا۔