Wed, September 16, 2026

پاکستان نے تیسرے ون ڈے میں جنوبی افریقہ کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی

پاکستان نے تیسرے ون ڈے میں جنوبی افریقہ کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی

 فیصل آباد :پاکستان نے فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے ایک روزہ میچ میں جنوبی افریقہ کو 144 رنز کا ہدف 26 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔

پاکستانی بیٹنگ میں صائم ایوب کی 77 رنز کی شاندار اننگز نے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، جس میں 11 چوکے اور ایک چھکا شامل تھے۔ بابر اعظم نے 27 رنز بنائے، جب کہ فخر زمان بغیر اسٹرائیک کے پویلین لوٹ گئے۔ محمد رضوان 32 رنز اور سلمان علی آغا 5 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

اس سے پہلے، جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم پاکستان کے باؤلرز نے ان کی بیٹنگ لائن اپ کو بری طرح ناکام بناتے ہوئے 37.5 اوورز میں صرف 143 رنز پر ڈھیر کر دیا۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے کوئنٹن ڈی کوک نے 53 رنز، یوہان ڈی پریٹوریس نے 39 رنز، اور پیٹر اور میتھیو برٹزکی نے 16، 16 رنز بنائے۔

پاکستان کی باؤلنگ میں ابرار احمد نے سب سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ شاہین آفریدی، محمد نواز اور سلمان علی آغا نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستان نے اس میچ کے لیے دو تبدیلیاں کیں۔ نسیم شاہ اور محمد وسیم جونیئر کی جگہ ابرار احمد اور حارث رؤف کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔

یہ بھی قابل ذکر ہے کہ سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 2 وکٹوں سے شکست دی تھی، جب کہ دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے ہرا کر سیریز کو برابر کر دیا تھا۔

ٹیگز: