Wed, September 16, 2026

تیسرا ٹی 20: پاکستان کی جنوبی افریقا کو 4 وکٹوں سے شکست، 3 میچوں کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی

تیسرا ٹی 20: پاکستان کی جنوبی افریقا کو 4 وکٹوں سے شکست، 3 میچوں کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی

لاہور: قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے تیسرے اور فیصلہ کن ٹی 20 میچ میں پاکستانی باؤلرز کے بعد بیٹرز نے بھی شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور 140 رنز کے ہدف کو 6 وکٹوں کے نقصان پر، 6 گیندیں قبل ہی پورا کر لیا۔


بابر اعظم کی 47 گیندوں پر 9 چوکوں کے ساتھ 68 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز نے پاکستان کو ہدف تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ کپتان سلمان علی آغا 33 اور صاحبزادہ فرحان 19 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ تاہم، صائم ایوب ایک بار پھر بغیر کھاتہ کھولے پویلین واپس لوٹ گئے، حسن نواز اور محمد نواز بھی کوئی رن نہ بنا سکے۔


جنوبی افریقا نے 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنائے۔ ریزا ہینڈریکس 34 اور کوربن بوش 30 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے، لیکن پاکستانی باؤلرز کی درست لائن اور لینتھ نے انہیں کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا۔ شاہین شاہ آفریدی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، عثمان طارق اور فہیم اشرف نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد نواز اور سلمان مرزا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔


پہلے ٹی 20 میچ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو 55 رنز سے شکست دی تھی، جبکہ دوسرے میچ میں پاکستان نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے جنوبی افریقا کو 9 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ 31 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے 111 رنز کا ہدف 14ویں اوور میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کیا، جس میں صائم ایوب نے 71 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

ٹیگز: