اسلام آباد: وفاقی وزیرِ موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کی بقا اور دفاع کے لیے دی جانے والی قربانیاں ہمارا وہ عظیم اثاثہ ہیں جن پر پوری قوم کو فخر ہے۔ ’معرکہِ حق‘ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے آزادی کی بہت بڑی قیمت ادا کی ہے اور اس مٹی کے ہر ذرے میں ہمارے شہدا کا لہو شامل ہے۔
مصدق ملک نے دورانِ خطاب 6 سالہ ننھے شہید ارتضیٰ عباس کا تذکرہ کرتے ہوئے اسے قوم کا ہیرو قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ ننھا ارتضیٰ عباس بھارتی فوج کی بلااشتعال بمباری کے نتیجے میں شہید ہوا، جس کی معصوم شہادت آج ہم سب پر ایک قرض ہے۔
مصدق ملک نے لیفٹیننٹ کرنل ظہیر عباس کے حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ جب ان کا لختِ جگر شہید ہوا، وہ خود سرحد پر وطن کی حفاظت پر مامور تھے۔ یہ جذبہ ہی پاکستان کی اصل طاقت ہے۔وفاقی وزیر نے قیامِ پاکستان سے اب تک کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا پاکستان کی تاریخ قربانیوں سے بھری ہوئی ہے۔ قیامِ پاکستان سے لے کر آج تک وطن کے دفاع کے لیے بے شمار جانوں کا نذرانہ پیش کیا گیا۔ معرکہِ حق کے دوران جس طرح پاک فوج اور عوام نے دشمن کی جارحیت کا مقابلہ کیا، اس نے دنیا کو باور کرا دیا کہ ہم اپنی آزادی پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔
مصدق ملک نے اپنے خطاب کے آخر میں زور دیا کہ پاکستان ہمارا ہے، اور ہمیں مل کر اس کی آزادی اور خود مختاری کی حفاظت کرنی ہے۔
ہم نے یہ آزادی بہت بڑی قیمت دے کر حاصل کی ہے اور اسے برقرار رکھنے کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔