راولپنڈی: معرکہِ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (ISPR) کا شاہکار ملی نغمہ 'اللہ اکبر، تیار ہیں ہم' ایک بار پھر زبان زدِ عام ہے۔ ایک سال قبل ریلیز ہونے والے اس نغمے نے اپنی گرجدار آواز اور ولولہ انگیز شاعری کے ذریعے دشمن کے سینوں پر مونگ دل دی ہے۔
اس نغمے نے ریلیز ہوتے ہی عوامی مقبولیت کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیے تھے۔ اس کے لہو گرما دینے والے اشعار اور سحر انگیز گلوکاری نے ایسا جادو جگایا ہے کہ آج ایک سال مکمل ہونے پر بھی یہ نغمہ ہر پاکستانی کے جذبہِ حب الوطنی کو مہمیز کر رہا ہے۔ موسیقی اور الفاظ کے ملاپ نے وطن کے دفاع کے عزم کو ایک نئی توانائی بخشی ہے۔نغمے کے اشعار میں بھارت کے لیے ایک واضح اور دوٹوک پیغام چھپا ہے ۔ بھارت کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ جس قوم کو کمزور سمجھنے کی غلطی کر رہا ہے، وہ باہمت اور نڈر سپاہیوں کی سرزمین ہے۔
نغمے کے بول اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ دشمن یہ نہیں جانتا کہ اس نے کس چٹان سے ٹکر لینے کی کوشش کی ہے۔ "تیار ہیں ہم" محض ایک جملہ نہیں بلکہ 24 کروڑ عوام اور افواجِ پاکستان کا متفقہ اعلانِ جنگ ہے۔
گزشتہ ایک سال کے دوران اس نغمے کو کروڑوں بار دیکھا اور سنا جا چکا ہے۔ یہ نغمہ اس بات کا ثبوت ہے کہ جب قوم اور فوج ایک پیج پر ہوں، تو کوئی بھی طاقت ان کا راستہ نہیں روک سکتی۔ سوشل میڈیا پر 'معرکہِ حق' کے ہیش ٹیگ کے ساتھ اس نغمے کی یادیں ایک بار پھر تازہ کی جا رہی ہیں۔