لاہور: معروف پاکستانی سوشل میڈیا انفلوئنسر کنول آفتاب نے حج کی ادائیگی کے بعد اپنی ذاتی زندگی پر ہونے والی مسلسل تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ لوگ ان کے لباس، گھومنے پھرنے اور دیگر ذاتی معاملات کو بلاوجہ ان کے حج سے جوڑ رہے ہیں۔
کنول آفتاب اور ان کے شوہر ذوالقرنین سکندر نے اس سال فریضۂ حج ادا کیا تھا اور اپنے اس روحانی سفر کی جھلکیاں وی لاگز کے ذریعے مداحوں کے ساتھ شیئر کی تھیں۔
اپنے حالیہ بیان میں کنول نے کہا کہ ہر شخص کو اپنی زندگی اپنی مرضی سے گزارنے کا حق حاصل ہے، اس لیے دوسروں کو ان کے ذاتی فیصلوں پر تنقید کرنے کے بجائے اپنی زندگی پر توجہ دینی چاہیے۔
دوسری جانب، ان کے اس بیان پر سوشل میڈیا پر مختلف آراء سامنے آئیں۔ کچھ صارفین نے ان کی بات سے اتفاق کیا، جبکہ متعدد افراد نے کہا کہ چونکہ انہوں نے اپنے حج کے سفر کو لوگوں کے ساتھ شیئر کیا، اس لیے ان کے بعد کے طرزِ زندگی پر سوالات اٹھنا بھی ایک فطری ردعمل ہے۔