کراچی : کراچی کے علاقے لیاری بغدادی میں رہائشی عمارت گرنے کے افسوسناک واقعے پر سندھ حکومت نے ایک پانچ رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ یہ واقعہ 4 جولائی کو پیش آیا تھا، جس میں 27 افراد جاں بحق ہو گئے تھے، جب کہ متعدد زخمی ہوئے۔
چیف سیکرٹری سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی کے سربراہ کمشنر کراچی حسن نقوی ہوں گے۔ کمیٹی میں اسپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ عائشہ حمید، ڈائریکٹر کمپلینٹ ندیم احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی آصف علی لانگا اور دیگر متعلقہ افسر شامل ہیں۔
یہ کمیٹی اس بات کی تحقیقات کرے گی کہ عمارت گرنے کی اصل وجہ کیا تھی، کون لوگ اس کے ذمہ دار ہیں، اور آئندہ ایسے واقعات سے بچنے کے لیے کیا اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق گرنے والی عمارت کی حالت پہلے ہی بہت خراب تھی، لیکن اس کے باوجود وہاں لوگ مقیم تھے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔