Wed, September 16, 2026

کراچی :لیاری بغدادی میں پانچ منزلہ عمارت گر گئی، پانچ افراد جاں بحق

کراچی :لیاری بغدادی میں پانچ منزلہ عمارت گر گئی، پانچ افراد جاں بحق

کراچی : کراچی کے علاقے لیاری بغدادی میں ایک پانچ منزلہ رہائشی عمارت اچانک منہدم ہو گئی، جس کے نتیجے میں پانچ افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ کئی لوگ ملبے تلے دب گئے۔ ریسکیو ٹیموں، پولیس اور رینجرز نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ ملبے سے اب تک پانچ لاشیں اور چھ زخمی افراد نکالے گئے ہیں جن میں تین خواتین بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو سول اور جناح ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ایک زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ عمارت میں چھ خاندان رہائش پذیر تھے اور ممکن ہے کہ ابھی بھی 20 سے 25 افراد ملبے تلے دبے ہوں۔

ملحقہ عمارتوں کو حفاظتی بنیادوں پر خالی کروا لیا گیا ہے۔ ریسکیو حکام کو تنگ گلیوں کی وجہ سے بھاری مشینری پہنچانے میں مشکلات کا سامنا ہے، تاہم علاقے کے مقامی لوگ امدادی کاموں میں بھرپور مدد کر رہے ہیں۔

وزیر بلدیات سندھ، گورنر سندھ اور وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ہدایت دی ہے کہ فوری طور پر تمام پھنسے ہوئے افراد کو نکالا جائے اور شہر کی خستہ حال عمارتوں کی فوری جانچ پڑتال کر کے شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔

ٹیگز: