اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ دنوں کے دوران پاکستان کے بیشتر علاقے سرد اور خشک موسم کی لپیٹ میں رہیں گے۔
اسلام آباد، مری اور گلیات میں بھی موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، لیکن سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخوپورہ اور گوجرانوالہ میں دھند چھا سکتی ہے۔
گجرات، جہلم، فیصل آباد، ساہیوال، ملتان، خانیوال، لیہ، کوٹ ادو، بہاولپور اور ان کے ارد گرد دھند کا امکان ہے۔ سندھ اور بلوچستان کے بیشتر حصوں میں موسم خشک اور سرد رہے گا۔
پشاور، صوابی، مردان، چارسدہ، نوشہرہ، اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی دھند پڑنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد رہنے کی توقع ہے اور مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔
ملک کے شمالی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں، جہاں اسکردو میں درجہ حرارت منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ، گلگت میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ، استور اور قلات میں منفی 1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ دیر اور چترال میں بھی درجہ حرارت منفی 1 تک پہنچ چکا ہے۔ کوئٹہ میں 2 اور اسلام آباد میں 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
اس موسم کی شدت کو دیکھتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔