Wed, September 16, 2026

ملک بھر میں سرد اور خشک موسم کی پیش گوئی، پہاڑی علاقوں میں شدید سردی اور دھند کا امکان

ملک بھر میں سرد اور خشک موسم کی پیش گوئی، پہاڑی علاقوں میں شدید سردی اور دھند کا امکان

اسلام آباد :محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جب کہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے وقت شدید سردی پڑنے کا امکان ہے۔

پنجاب، خیبرپختونخوا اور بالائی سندھ کے میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید دھند چھانے کی توقع ہے، جس سے سفر میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا، اسلام آباد، بالائی اور وسطی پنجاب، کشمیر اور شمالی بلوچستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، اور پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی ریکارڈ کی گئی۔ خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ بارش دیر بالائی (28 ملی میٹر) اور دیر زیریں (21 ملی میٹر) میں ہوئی، جبکہ کاکول، بالاکوٹ اور پاراچنار میں بھی بارش ہوئی۔ پنجاب میں اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں 10 سے 21 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ ساہیوال اور دیگر علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی۔ کشمیر میں گڑھی دوپٹہ میں 21 ملی میٹر بارش ہوئی اور بلوچستان میں سمنگلی اور کوئٹہ میں 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

پہاڑی علاقوں میں مالم جبہ میں 14 انچ، کالام اور مری میں 4 انچ، اور زیارت میں 2 انچ برفباری ہوئی۔کم سے کم درجہ حرارت کی بات کی جائے تو لہہ میں منفی 7 ڈگری سینٹی گریڈ، قلات میں منفی 5 اور گوپس و مالم جبہ میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو سرد موسم اور دھند کے باعث احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے اور سفر کرتے وقت محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔

ٹیگز: