تہران : مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے بادل چھٹ گئے، جنگ بندی کا اعلان ہوتے ہی تہران سمیت ایران کے تمام بڑے شہروں میں جشن کا طوفان امڈ آیا۔ امریکی صدر کی جانب سے ایرانی انفراسٹرکچر کو تباہ کرنے کی دھمکیوں کے باوجود ایرانی عوام نے بے مثال جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتح کے نعرے بلند کر دیے۔
جنگ بندی سے قبل جب امریکی صدر نے ایران کے بجلی گھروں اور پلوں کو نشانہ بنانے کا اعلان کیا، تو ایرانی عوام خوفزدہ ہونے کے بجائے اپنی حکومت کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن گئے۔ ہزاروں شہری حساس تنصیبات اور اہم پلوں پر جمع ہو گئے، جس نے عالمی سطح پر ایرانی عزم کا پیغام پہنچایا۔اس جشن کی سب سے منفرد بات ایرانی شہریوں کی جانب سے پاکستان کے لیے والہانہ محبت کا اظہار تھا۔ جنگ بندی کے عمل میں پاکستان کے کلیدی اور مصالحتی کردار کو سراہتے ہوئے ایرانی مظاہرین نے ہزاروں کی تعداد میں پاکستانی اور ایرانی پرچم لہرائے۔ پاکستان کی خاموش اور کامیاب سفارتکاری کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ تہران کی گلیوں میں "پاکستان زندہ باد" کے نعرے لگائے۔