Wed, September 16, 2026

فتحِ مبین کا ایک سال: ملک بھر میں 'معرکہِ حق' کا جشن، فضا 'پاکستان زندہ باد' کے نعروں سے گونج اٹھی

فتحِ مبین کا ایک سال: ملک بھر میں 'معرکہِ حق' کا جشن، فضا 'پاکستان زندہ باد' کے نعروں سے گونج اٹھی

لاہور،کراچی، اسلام آباد:بھارتی فضائیہ کی جارحیت کو شکستِ فاش دینے اور آپریشن ’بُنیانٌ مَرْصُوصٌ‘ کی تاریخی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر آج پورے ملک میں جشنِ فتح منایا جا رہا ہے۔ شاہینوں کی جرات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے شہر شہر ریلیاں نکالی گئیں اور خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
زندہ دلانِ لاہور نے فتح کا جشن بھرپور انداز میں منایا۔ لاہور ٹاؤن ہال میں منعقدہ تقریب میں شاندار آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا، جس سے آسمان رنگ و نور میں نہا گیا۔ شہریوں کی بڑی تعداد نے قومی پرچم تھامے ’پاک فوج زندہ باد‘ کے نعرے بلند کیے اور اپنے ہیروز کو سلام پیش کیا۔
آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں 'معرکہِ حق' کی مناسبت سے پروقار ثقافتی تقریب منعقد ہوئی، جس میں کشمیریوں نے پاک فوج کے ساتھ اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا۔ ادھر پشاور میں منعقدہ تقریب کے دوران معرکہِ حق کے شہدا اور غازیوں کی عظیم قربانیوں اور جرات کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
ہارون آباد اور مریدکے میں پاک فوج کی حمایت میں بڑی عوامی ریلیاں نکالی گئیں۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ 7 بھارتی طیارے گرا کر پاک فضائیہ نے ثابت کیا کہ وہ دنیا کی بہترین فضائی قوت ہے۔ ریلیوں کے باعث سڑکیں قومی پرچموں سے لد گئیں اور ہر طرف جشن کا سماں رہا۔
شہر شہر ہونے والی ان تقریبات نے واضح کر دیا کہ دفاعِ وطن کے لیے قوم اور فوج ایک پیج پر ہیں۔ 6 اور 7 مئی کی فتح نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ہمیشہ کے لیے دفن کر دیا ہے، اور آج کا یہ جشن اسی قومی غیرت اور کامیابی کا تسلسل ہے۔

ٹیگز: