Wed, September 16, 2026

امریکی کانگریس کی سابق سپیکر نینسی پیلوسی کا سیاست سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

امریکی کانگریس کی سابق سپیکر نینسی پیلوسی کا سیاست سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

واشنگٹن : امریکا کی معروف سیاستدان اور ایوانِ نمائندگان کی سابق سپیکر نینسی پیلوسی نے اپنے طویل سیاسی کیریئر کا خاتمہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 85 سالہ پیلوسی نے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے اعلان کیا کہ وہ آئندہ کانگریس کے انتخابات میں حصہ نہیں لیں گی اور اپنے آخری سال کو سان فرانسسکو کے عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے گزاریں گی۔

پیلوسی اس وقت اپنی 19 ویں مدت مکمل کر رہی ہیں جو 3 جنوری 2027 کو ختم ہوگی۔ ان کا یہ فیصلہ امریکی سیاست میں ایک اہم موڑ کی حیثیت رکھتا ہے کیونکہ وہ 2007 میں ایوانِ نمائندگان کی پہلی خاتون سپیکر منتخب ہوئی تھیں۔ ان کی قیادت میں ڈیموکریٹک پارٹی نے متعدد اہم قانون سازیوں کو کامیابی سے منظور کرایا، جن میں باراک اوباما کے دور میں ہیلتھ کیئر ریفارم اور جو بائیڈن کے دور میں موسمیاتی تبدیلی اور انفرا اسٹرکچر سے متعلق اہم قوانین شامل ہیں۔

پیلوسی کو سیاسی تجزیہ کار ایک ذہین، حکمتِ عملی سے بھرپور اور مضبوط رہنما کے طور پر جانتے ہیں۔ تاہم، ان کی سیاست کو ریپبلکن پارٹی کے رہنماؤں کی جانب سے اکثر تنقید کا سامنا بھی رہا، جنہوں نے انہیں ایک امیر اور عوام سے دور ایلیٹ شخصیت قرار دیا۔

ٹیگز: