Wed, September 16, 2026

سرچ نتائج میں معلومات کے ذرائع واضح دکھانے کا فیصلہ

سرچ نتائج میں معلومات کے ذرائع واضح دکھانے کا فیصلہ

کیلیفورنیا:  گوگل نے اپنے سرچ انجن میں موجود اے آئی اوور ویو فیچر کو مزید جدید اور مؤثر بنانے کے لیے اہم تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت اب صارفین کو فراہم کی جانے والی معلومات کے ذرائع بھی واضح طور پر دکھائے جائیں گے۔

کمپنی کی جانب سے جاری بلاگ کے مطابق گوگل سرچ اوور ویو کے پیچھے کام کرنے والے نظام میں استعمال ہونے والی ٹیکنالوجی کو بہتر بنایا جا رہا ہے تاکہ صارفین یہ جان سکیں کہ دکھائی جانے والی معلومات کن ویب سائٹس اور پلیٹ فارمز سے حاصل کی گئی ہیں، جبکہ انہیں مزید تفصیلات کے لیے متعلقہ ویب سائٹس پر براہ راست جانے کی سہولت بھی دی جائے گی۔

نئی اپ ڈیٹ کے تحت اے آئی اوور ویو میں آن لائن فورمز جیسے ریڈیٹ اور دیگر پلیٹ فارمز پر صارفین کے تجربات اور آراء کو بھی شامل کیا جائے گا، تاکہ لوگوں کو حقیقی تجربات کی بنیاد پر معلومات حاصل ہو سکیں۔

گوگل کے مطابق اس تبدیلی کا مقصد یہ ہے کہ صارفین کو وہ معلومات فراہم کی جائیں جو پہلے سے لوگوں کے تجربات اور آزمائش پر مبنی ہوں، تاہم کمپنی نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ کسی بھی معلومات کو استعمال کرنے سے قبل اس کی تصدیق کرنا ضروری ہے۔

مزید یہ کہ سرچ کے دوران صارفین کو متعلقہ موضوع سے جڑی اضافی تفصیلات اور لنکس بھی فراہم کیے جائیں گے، چاہے وہ ان کی براہ راست تلاش کا حصہ نہ ہوں۔ مثال کے طور پر اگر کوئی صارف شہروں میں سبز مقامات کے بارے میں سرچ کرے تو اسے مختلف شہروں کے اقدامات اور مثالیں بھی دکھائی جائیں گی۔

صارفین یہ بھی جان سکیں گے کہ کسی بھی فہرست یا معلومات کے مختلف حصے کن ویب سائٹس کی مدد سے تیار کیے گئے ہیں، جس سے معلومات میں شفافیت مزید بڑھ جائے گی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل گوگل نے پرسنلائزڈ انٹیلی جنس فیچر بھی متعارف کرایا تھا، جس کا مقصد صارفین کی دلچسپیوں اور ترجیحات کے مطابق زیادہ موزوں اور متعلقہ سرچ نتائج فراہم کرنا ہے۔
 
 
 

ٹیگز: