Wed, September 16, 2026

بھارت کی بھول ہے کہ ہم خاموش رہیں گے:بلاول بھٹو

 بھارت کی بھول ہے کہ ہم خاموش رہیں گے:بلاول بھٹو

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی یہ غلط فہمی ہے کہ وہ حملے کرے گا اور ہم خاموش رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دشمن نے رات کی تاریکی میں حملہ کیا، کیونکہ بزدل ہمیشہ اندھیرے میں وار کرتے ہیں۔ دشمن دن کی روشنی میں ہماری فوج کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں رکھتا، اسی لیے بچوں کو نشانہ بنایا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ گزشتہ دو ہفتوں سے پاکستان پر جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگائے جا رہے ہیں، لیکن وزیر اعظم نے بھارت کو دوٹوک جواب دیا ہے۔ ہم بے گناہ ہیں، اگر بھارت میں ہمت ہے تو عالمی سطح پر تحقیقات کروا لے، دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق سچائی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پاک فضائیہ نے دشمن کے حملے کا بھرپور جواب دیا، اور ہم سلام پیش کرتے ہیں ان کے جذبے کو۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم نے بھارت کے پانچ طیارے گرائے تھے، اگر وہ دوبارہ حملے کی جرات کرے گا تو ہم اس کے مزید جہاز بھی مار گرائیں گے۔ انہوں نے بھارتی رویے کو درندگی اور اندھا تعصب قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم دشمن کی آنکھیں کھول دے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم جنگ کے خواہشمند نہیں، لیکن اگر وقت آیا تو ہم قانون اور اصولوں کے دائرے میں رہتے ہوئے بھرپور جواب دیں گے۔ دشمن کو اب سمجھنا ہوگا کہ پاکستان خاموش نہیں رہے گا۔

بلاول نے واضح کیا کہ پوری قوم، چاروں صوبے، وزیر اعظم اور افواج پاکستان ایک ساتھ کھڑے ہیں۔ وزیر اعظم نے عالمی انکوائری پر آمادگی ظاہر کی ہے اور ہم اپنے شہداء کا حساب ضرور لیں گے۔ انہوں نے دنیا کو خبردار کیا کہ بھارت کے اقدامات خطے میں ایٹمی جنگ کا خطرہ پیدا کر سکتے ہیں۔

ٹیگز: